احمد آباد، 17؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ا یس انڈیا )ہاردک پٹیل کی جانب سے یہ اشارہ ملنے کے بعد کہ اگر ان کی کمیونٹی چاہے گی تو وہ سیاست میں آ سکتے ہیں۔دریں اثناء ، گجرات کی سبھی اپوزیشن پارٹیوں نے پٹیل ریزرویشن تحریک کے اس لیڈر کواپنی طرف لبھانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔گجرات میں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور سبھی اپوزیشن پارٹیاں چاہتی ہیں کہ ہاردک ان کے ساتھ ہاتھ ملا لے۔22سالہ تیز طرار لیڈر ہاردک کا پٹیل برادری کو او بی سی درجہ دینے کا مطالبہ ہے۔گجرات ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد ہاردک جمعہ کو جیل سے باہر آئے تھے۔اپنے سرگرم سیاست میں آنے کے امکانات کے سوال پر ہاردک نے ایسے کسی بھی امکان سے انکار نہیں کیا تھا۔ہاردک نے کہاکہ سیاست میں میرے آنے کا فیصلہ میری کمیونٹی کے لوگ لیں گے۔جب کمیونٹی مجھے بتائے گی ، تبھی میں فیصلہ کروں گا۔ورنہ مجھے ایسا نہیں لگتا ہے کہ اپنے ملک یا لوگوں کے لیے کچھ کرنے کے لیے سیاست میں آنا ضروری ہے۔اس کے بعد کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور آپ نے ہاردک کو اپنی پارٹیوں میں شامل کرنے کی کوشش شروع کر دی ہے ۔کچھ تو انہیں کھلے عام مدعو کر رہی ہیں وہیں کچھ پارٹیاں اشارے دے رہی ہیں۔پارٹیوں کی ان کوششوں کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں انتخابی فوائد سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ریاست میں پاٹیدار کمیونٹی کی اچھی خاصی تعداد ہے اور وہ کل آبادی کا 18فیصد حصہ ہیں۔ابھی تک یہ کمیونٹی بی جے پی کی پکی حامی تھی ،لیکن ہاردک نے ابھی تک اپنے پتے نہیں کھولے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ سیاسی لیڈر نہیں بلکہ سماجی لیڈر ہے۔اس سے پہلے ہاردک نے صحافیوں سے کہا تھاکہ میں کسی بھی سیاسی پارٹی میں شامل ہونے نہیں جا رہاہوں ، یہ تمام باتیں محض اٹکلیں ہیں۔میں کیا کرنے والا ہوں، یہ وقت آنے پر آپ کو معلوم ہو جائے گا۔
حالانکہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی)ریاست میں بڑی کھلاڑی نہیں ہے لیکن ہاردک کے سورت کے لاجپور جیل سے باہر آنے کے بعد سب سے پہلے اس کے صدر جینت پٹیل نے ہی ان کا استقبال کیا تھا۔پٹیل نے کہاکہ ہاردک کے لیے ہماری پارٹی کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔ہاردک کے جیل سے باہر آنے پرسورت کانگریس کے لیڈر ان کا پوسٹر لیے ان کے استقبال میں تیار کھڑے تھے۔کانگریس کے ترجمان منیش دوشی نے کہاکہ ہم نے ہاردک پٹیل اور اس کی ٹیم کو بتا دیا ہے کہ کانگریس کے نظریہ سے اتفاق رکھنے والے ہر شخص کا پارٹی میں خیرمقدم ہے ۔ان سے ملاقات کرکے ہم تمام مسائل پر بات چیت کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔آپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے حال ہی میں اپنے گجرات دورے میں ہاردک کی تعریف کی تھی۔پٹیل ریزرویشن تحریک کی حمایت کرنے کی وجہ سے بی جے پی سے باہر کر دئیے گئے ممبر اسمبلی نلن کٹوڈیا سے کجریوال نے کہا ہے کہ وہ پٹیل ریزرویشن تحریک کے لیڈروں کو عام آدمی پارٹی میں لے آئیں۔جیل سے باہر آنے کے بعد ہاردک جمعہ کی رات کو سورت سے احمد آباد کے لیے روانہ ہو گئے تھے، جہاں آپ لیڈر اور ریاستی یونٹ کے کنوینر کنو بھائی کلسریا ان سے ملاقات کرنے پہنچے تھے۔حالانکہ وقت کی کمی کی وجہ سے یہ ملاقات نہیں ہو سکی تھی ۔دراصل ہاردک دیر رات تقریبا ساڑھے گیارہ بجے احمد آباد پہنچے تھے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا انہوں نے ہاردک کو عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے کی پیش کش کی ہے؟ کلسریا نے کہاکہ ہاردک سمیت آپ میں شامل ہونے کے خواہش مند لوگوں کے لیے پارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔اگر وہ آپ کے نظریات سے اتفاق رکھتے ہوں اوربدعنوانی اور نظام کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں تو پارٹی میں ان کا استقبال ہے۔گجرات ہائی کورٹ نے ہاردک کو6 مہینے تک گجرات سے باہر رہنے کا حکم دیا تھا۔ہاردک کے وکیل نے مقامی عدالت کو بتایا کہ اس دوران وہ راجستھان کے ادے پور شہر میں رہیں گے۔